اسلام آباد (نمائندہ اپنا وطن ) ممتاز قانون دان، سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان، سابق چیئرمین و جج ڈرگ کورٹ و بینکنگ کورٹ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق نائب صدرو انصاف لائرز فورم کے سابق مرکزی سینر نائب صدرو بانی پی ٹی آئی کے سابق وکیل محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔منگل کے روز وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے ملاقات میں انہوں نے باقاعدہ شمولیت کی اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر انتخاب خان چمکنی کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے تفصیلی ملاقات بھی کی، جس میں تنظیمی امور، قومی سیاسی صورتحال، آئینی و قانونی معاملات اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے انصاف لاِرز فورم کے سنئیر راہنماوں محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ، عثمان خان تورلندی، جہانگیر خواجہ، داؤد خان اور دیگر ساتھیوں کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار اور باصلاحیت شخصیات کی شمولیت سے پاکستان مسلم لیگ مزید مضبوط ہوگی، مسلم لیگ کو ہر سطح پر فعال کیا جاِئے اور قومی مسائل کے حوالے سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انتخاب خان چمکنی نے کہا کہ محمد حبیب قریشی کا وسیع قانونی تجربہ پارٹی کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہوگا۔،خیبر پختونخواہ میں لوگ سیاسی جماعتوں اور حکومت سے مایوس ہیں، لوگوں کی نظریں چوہدری شجاعت حسین کی جماعت پر ہیں، آئندہ دنوں مزید شمولیتیں ہوں گی، ہم سب مل کر مسلم لیگ کو صوبے میں متبادل سیاسی قوت بنائیں گے،محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوامی خدمت، آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے محمد حبیب قریشی کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مسلم لیگ خیبرپختونخواہ کے صدر انتخاب خان اور انکی ٹیم کی بڑی کامیابی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ حبیب قریشی ایڈوکیٹ کو وکلاء کیمونٹی میں بہت عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے انکی شمولیت سے ملک بھر میں وکلاء کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔