اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر آفس کی ترجمان روِینا شمداسانی نے کہا کہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا مسلسل قبضہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم اسرائیلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیلی بستیوں اور چوکیوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرے گی۔ اسرائیلی رہنما کھلے عام فلسطینی برادریوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور اجتماعی سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ مغربی کنارے کو ایک اور غزہ کی پٹی بنانے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، جو انتہائی تشویش ناک ہے۔
روِینا شمداسانی نے کہا کہ اسرائیلی آبادکار اور سکیورٹی فورسز اکثر مقامی فلسطینی آبادی پر حملے کرتے ہیں۔ اس وقت فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں، جس کے باعث انہیں بنیادی سہولیات اور خدمات تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے قتل، جبری بے دخلی اور دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، اور اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کا خاتمہ کیا جائے۔