فتح جنگ (کاشف اقبال): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے وژن اور کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار و اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حالیہ موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر شاہ پور ڈیم کی صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے اپنی ٹیم اور پیرا فورس کے ہمراہ اٹک روڈ، پنڈی روڈ، کھوڑ روڈ، اٹک چوک سمیت شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا دورہ کیا، جہاں اشیائے خورونوش کی قیمتوں، سرکاری نرخناموں اور دکانداروں کی جانب سے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ چیکنگ کے دوران متعدد دکانداروں کو سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی گئی جبکہ کئی افراد پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
اس موقع پر چوہدری شفقت محمود نے خود موقع پر موجود رہ کر شہریوں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیائے ضروریہ کی خریداری کروائی تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور منافع خوری و گراں فروشی کی حوصلہ شکنی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی چیکنگ کر رہی ہے اور کسی بھی دکاندار کو سرکاری نرخنامے سے تجاوز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ قیمتوں پر اشیاء فروخت کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دریں اثناء، حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے شاہ پور ڈیم کا تفصیلی دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے پانی کی سطح، سپل وے، حفاظتی انتظامات اور مجموعی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے دن اور رات دونوں اوقات میں ڈیم کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے سے پانی کی آمد و اخراج سمیت حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے اور شاہ پور ڈیم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے تمام متعلقہ ادارے ہر وقت تیار ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور بارشوں کے دوران ڈیم، ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو پانی کے قریب نہ جانے دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گراں فروشی کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بلاامتیاز کارروائیاں اور حفاظتی اقدامات جاری رکھے گی۔