سینکڑوں عمرہ زائرین رُل گئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سعودی سفارت خانے میں انتظامی تبدیلیوں کے باعث گزشتہ تقریباً دو ہفتوں سے ویزا امور متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں،

جس کے نتیجے میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے متعدد پاکستانی زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے سعودی سفیر کی آمد، چارج سنبھالنے کے عمل اور سابق سفیر کی واپسی کے دوران اسلام آباد اور کراچی میں قائم سعودی سفارت خانوں میں ویزا سے متعلق کارروائیاں سست روی کا شکار رہیں۔ اس صورتحال کے باعث “Send to Embassy” مرحلے میں موجود سیکڑوں عمرہ ویزا درخواستیں زیر التوا بتائی جا رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ویزوں کے اجرا میں تاخیر کے سبب کئی خاندان مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکے، جس کے نتیجے میں پہلے سے بک کرائی گئی فضائی ٹکٹیں ضائع ہو گئیں۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوٹلوں کی پیشگی بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سفری انتظامات پر کیے گئے اخراجات بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ ویزا کارروائی میں تعطل کے باعث عمرہ زائرین اور ٹریول آپریٹرز دونوں کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زیر التوا درخواستوں پر جلد کارروائی کی جائے تاکہ متاثرہ زائرین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تاہم اس حوالے سے سعودی سفارت خانے کی جانب سے ویزا کارروائی میں تاخیر یا اس کی وجوہات پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

پی این پی