عمران ہاشمی کی فلم ’آوارہ پن 2‘ میں متنازع مناظر پر سنسر بورڈ کی قینچی چل گئی

بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کی آنے والی فلم ’آوارہ پن 2‘ کو بھارتی سینسر بورڈ نے نمائش کی اجازت تو دے دی ہے، تاہم اس سے قبل فلم میں کئی اہم تبدیلیاں اور مناظر حذف کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ فلم کو یو/اے 16+ سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے، جس کے تحت 16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے نوجوان والدین یا سرپرست کی نگرانی میں فلم دیکھ سکیں گے۔

سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) نے 5 اگست 2026 کو فلم کی منظوری دی۔ فلم کا دورانیہ 140 منٹ 20 سیکنڈ رکھا گیا ہے اور اسے 14 اگست 2026 کو ہندی زبان کے ساتھ انگریزی سب ٹائٹلز میں سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے پہلے سینسر بورڈ نے فلم سازوں کو 9 مختلف مقامات پر تبدیلیاں کرنے کی ہدایت دی۔ ان تبدیلیوں میں تشدد سے بھرپور مناظر کو مختصر کرنا، بعض غیر مناسب الفاظ کو آڈیو اور سب ٹائٹلز سے ہٹانا، اور منشیات و تمباکو نوشی سے متعلق لازمی انتباہی پیغامات شامل کرنا شامل تھا۔

بورڈ نے فلم میں ہندی عنوان کو نمایاں انداز میں پیش کرنے، مختلف مقامات پر منشیات کے نقصانات سے متعلق پیغامات دکھانے اور پوری فلم کے دوران اینٹی اسموکنگ وارننگ برقرار رکھنے کی بھی شرط عائد کی۔ اسی طرح بچوں کی اسمگلنگ سے متعلق انتباہ بھی فلم میں شامل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق بعض ایکشن سیکوئنس میں تشدد کی شدت کم کی گئی، جبکہ ایک منظر میں تشدد کو تقریباً 50 فیصد تک محدود کرنے کا حکم دیا گیا۔ اس کے علاوہ منشیات سونگھنے سے متعلق ایک منظر میں بھی ترمیم کی گئی، جبکہ اختتامی کریڈٹس کو پس منظر کی موسیقی کے مطابق دوبارہ ترتیب دیا گیا۔

سینسر بورڈ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فلم سے مجموعی طور پر چار منٹ کے مناظر حذف کیے گئے، جبکہ 20 سیکنڈ کے مواد میں ترمیم کی گئی۔ ان تبدیلیوں کے باوجود فلم کا حتمی دورانیہ 140 منٹ 20 سیکنڈ ہی برقرار رکھا گیا۔

ہدایت کار نیتن ککڑ کی اس فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ دیشا پٹانی اور شبانہ اعظمی بھی اہم کردار نبھا رہی ہیں۔ ’آوارہ پن 2‘ 2007 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’آوارہ پن‘ کا سیکوئل ہے، جس میں پہلی فلم کے جذباتی انداز کو برقرار رکھتے ہوئے انتقام پر مبنی نسبتاً تاریک کہانی پیش کی گئی ہے۔

فلم کے پروڈیوسر وشیش بھٹ ہیں، جبکہ موسیقار متھون اور نغمہ نگار سعید قادری بھی ایک بار پھر اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ پہلی فلم کے مقبول گانے ’تو پھر آؤ‘ اور ’تیرا میرا رشتہ‘ کو نئے انداز میں دوبارہ ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ فلم میں کئی نئے گانے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

پی این پی

Censor board has taken action over controversial scenes in Emraan Hashmi film Awarapan2
Comments (0)
Add Comment