بنکاک(پی این پی)تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے صوبہ نونتھابوری کے دیبسیرین نونتھابوری سیکنڈری اسکول میں ہولناک فائرنگ کے واقعے کی دل دہلا دینے والی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے قانونی وجوہات کی بنا پر حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم بتایا گیا ہے کہ وہ 14سالہ نویں جماعت کا طالب علم تھا اور اسی اسکول میں زیر تعلیم تھا۔ وہ اپنے والدین کے بجائے دادا دادی کے ساتھ رہائش پذیر تھااس واقعے کی تازہ ترین معلومات مزید دردناک ہیں۔ طالب علم نے اپنے گھر میں دادا کا نائن ایم ایم پستول لیا اور سب سے پہلے اپنے دادا اور دادی کو گولی مار کر قتل کیا پھرسکول پہنچا۔سکول میں بھی اندھا دھند فائرنگ کی جس میں 5اساتذہ ہلاک جبکہ 20سے زائد طلبا اور عملے کے افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 10کی حالت تشویشناک ہے۔بعد ازاں 14سالہ حملہ آور نے اسی پستول سے خود کو بھی گولی مار لی، اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس کے بقول نوعمر لڑکے نے سکول میں تقریباً26گولیاں چلائیں جبکہ مرتے وقت اس کے پاس 34مزید گولیاں بھی موجود تھیں یعنی وہ زیادہ بڑے پیمانے پر حملے کا ارادہ رکھتا تھا۔پولیس نے مزید بتایا کہ طالب علم گھر سے براہ راست سکول پہنچا اور راستے میں کسی کو نقصان نہیں پہنچایا جبکہ اس نے آن لائن پلیٹ فارمز پر اجتماع پر فائرنگ سے متعلق معلومات بھی تلاش کیںجس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آور سکول پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کئی دنوں سے کر رہا تھا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ دادا دادی کو کیوں قتل کیا اور اسکول پر حملے کا محرک کیا تھا۔
سکول میں فائرنگ کے وقت طلبا کلاس رومز میں چھپ گئے جب کہ کئی کھڑکیوں سے کود کر باہر نکلے جبکہ اساتذہ نے بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی۔تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں حکام نے بتایا کہ لڑکا کافی عرصے سے تعلیمی دبا ئوکا شکار تھا۔ وزیر اعظم نے بھی تصدیق کی کہ ابتدائی شواہد میں طالب علم کے شدید ذہنی دبائو میں ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ ابھی حتمی طور پر واقعے کے محرکات کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ تحقیقات ابھی ابتدائی سطح پر ہیں۔ حملہ آور کے موبائل فون، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور دیگر شواہد کا فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے۔تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے ملک میں اسلحہ قوانین مزید سخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہریوں کے ذاتی اسلحہ رکھنے اور عوامی مقامات پر اسلحہ لے جانے سے متعلق قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گی۔وزیراعظم نے اسکول آئندہ ہفتے تک بند رکھنے، متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے اور خون کے عطیات کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
پی این پی