پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی طور پر برقی قمقموں، قومی پرچموں اور ایل ای ڈی اسکرینز سے سجا دیا گیا۔
شاہراہ دستور پر پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے برقی روشنیوں اور خصوصی سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا ہے، شاہراہ دستور اور کچہری چوک سمیت وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات پر خصوصی ایل ای ڈی سکرینز نصب کی گئی ہیں۔
ایل ای ڈی اسکرینز پر تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ دفاعی عزم کو اجاگر کیا جا رہا ہے، رات کے وقت پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچموں، روشن ایل ای ڈی اسکرینز اور برقی قمقموں سے سجی شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر سرکاری عمارتیں انتہائی خوبصورت اور دیدہ زیب منظر پیش کر رہی ہیں۔
ایل ای ڈی اسکرینز پر نمایاں پیغامات مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہمیت اور پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط ہوتے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کر رہے ہیں، تینوں ممالک کے پرچموں سے سجی شاہراہ دستور اسلام آباد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔
اسلام آباد کی سڑکوں اور اہم مقامات پر ہونے والی خصوصی سجاوٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، شہریوں نے تینوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور تاریخی دفاعی معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی سجاوٹ کو سراہا۔
باہمی دفاعی معاہدے کے سلسلے میں وفاقی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں کو تینوں ممالک کے پرچموں اور قیادت کی قدآور تصاویر والے بینروں سے سجا دیا گیا ہے، ان شہروں کی تمام اہم شاہراہوں اور سرکاری عمارات پر تینوں ممالک کے قومی پرچموں کے رنگوں سے چراغاں کیا گیا، یہ مناظر تینوں ممالک کے دیرینہ تاریخی تعلقات کے نتیجے میں ہونے والے مکہ باہمی دفاعی معاہدے پر پاکستانی عوام کے جذبات کے عکاس ہیں۔
پی این پی