مسلم لیگ (ق) کو متحرک بنانے کے لیے ڈرائنگ روم کی سیاست سے باہر آنا ہوگا: چوہدری شافع حسین

 

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)  پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک نے ملاقات کی، جس میں پارٹی امور، تنظیم سازی، ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

۔ملاقات کے دوران مصطفیٰ ملک نے اپنے حالیہ دورہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے چوہدری شافع حسین کو تفصیلی رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کو فعال اور متحرک بنانے کے لیے ڈرائنگ روم کی سیاست سے باہر آنا ہوگا۔ تنظیمی کارکردگی کی خود نگرانی کروں گا اور کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی اور خدمت و کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کا درس دیا ہے۔میں، چوہدری سالک حسین اور پارٹی،چوہدری ظہور الٰہی شہیدصاحب ، چوہدری شجاعت حسین صاحب کی رواداری،حب الوطنی اور خدمت کی سیاست کو لے کر چل رہے ہیں، گجرات میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے، کرپشن، کمیشن اور اقربا پروری کی روایت ختم کی گئی ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کی تنظیم نو اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں تنظیمی دوروں اور کارکنوں سے رابطوں کا سلسلہ مزید مضبوط کیا جائے گا، جبکہ ضلعی و تحصیلی تنظیموں کو فعال اور مضبوط بنانے کی حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔ نوجوانوں اور نئے کارکنوں کو بھی مسلم لیگ (ق) کے تنظیمی ڈھانچے میں شامل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صنعت نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ (ق) کا عوامی رابطہ اور تنظیمی نیٹ ورک مزید مستحکم کیا جائے گا تمام کارکن اور عہدے دار بھرپور محنت کریں۔ چوہدری سالک حسین اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے متحرک ہیں، جبکہ ہمارا نصب العین ملک کی ترقی اور عوامی خوشحالی میں جاندار کردار ادا کرنا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ فری انڈسٹریل زونز، ٹیکس و ڈیوٹی مراعات کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ چھوٹی صنعتوں اور ایس ایم ایز کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ برآمدات میں اضافے اور مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے صنعتی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور پنجاب کو سرمایہ کاری و صنعتی ترقی کا مرکز بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن پارٹی کے پیغام اور بیانیے کو عام آدمی تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں مسلم لیگ (ق) متحرک ہو رہی ہے اور بااثر شخصیات و مختلف دھڑوں کی پارٹی میں شمولیت قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
مصطفیٰ ملک نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت اور چوہدری شافع حسین و چوہدری سالک حسین کی نگرانی میں مسلم لیگ (ق) کو متبادل سیاسی قوت بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ پارٹی کو ملک بھر میں مزید منظم، فعال اور عوامی رابطے کی بنیاد پر مضبوط بنایا جائے گا۔

چوہدری شافع حسین
Comments (0)
Add Comment