عالمی موسمیاتی تنظیم کی ترجمان کلیئر نولیس نے کہا کہ مغربی یورپ میں رواں سال جون سے جولائی تک کا عرصہ ریکارڈ شدہ تاریخ کا گرم ترین دور رہا، جبکہ عالمی سطح پر جولائی کا اوسط درجہ حرارت ریکارڈ شدہ تاریخ میں دوسرا بلند ترین دور رہا۔ اسی دوران عالمی سمندری سطح کے اوسط درجہ حرارت نے بھی جولائی میں اس عرصے کے لیے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
عالمی موسمیاتی تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق، جاپان اور جنوبی کوریا میں گزشتہ ہفتے ریکارڈ توڑ گرمی پڑی، جبکہ ایشیا کے دیگر علاقوں اور لاطینی امریکہ کے بعض حصوں میں بھی شدید گرمی کی لہر دیکھی گئی۔ مغربی افریقہ کے بعض علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کے باعث سیلاب بھی آئے۔ رواں سال یکم جنوری سے جون کے اختتام تک دنیا کے تقریباً 82 فیصد سمندری علاقوں نے مختلف شدت کی گرم سمندری لہروں کا سامنا کیا۔عالمی موسمیاتی تنظیم میں موسمیاتی معلومات کے سربراہ جان کینیڈی نے کہا کہ جیسے جیسے عالمی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، شدید گرمی کے واقعات بھی زیادہ تواتر سے رونما ہو رہے ہیں، ان کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان کا دورانیہ بھی طویل ہوتا جا رہا ہے۔