ائیر انڈیا کے پائلٹ کا چرس پی کر جہاز اڑانے کا انکشاف، ڈوپ ٹیسٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

نئی دہلی(پی این پی) ائیر انڈیا کی فوکٹ سے دہلی جانے والی پرواز کے کپتان کے ڈوپ ٹیسٹ میں چرس کے استعمال کی موجودگی سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے فوکٹ سے دہلی آنے والی ائیر انڈیا کی پروازکے کپتان کا دوسرا ڈوپ ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 4 اگست کو ائیر انڈیا کی پرواز AI-2379، جس میں 137 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے، فوکٹ سے دہلی آ رہی تھی کہ دورانِ پرواز اس کی اونچائی میں اچانک 300 فٹ کی کمی واقع ہو گئی۔ اس واقعے میں کم از کم 20 مسافر اور عملے کے 4 ارکان زخمی ہوئے۔ ذرائع نے بھارتی میڈیا کو واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب طیارہ اچانک 300 فٹ نیچے آیا تو جہاز کا کپتان اپنی نشست پر موجود نہیں تھا،

جبکہ اس وقت طیارے کا کنٹرول فرسٹ آفیسر کے پاس تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز کی لینڈنگ کے بعد نئی دہلی میں کی جانے والی اسکریننگ کے دوران جہاز کے کپتان کے جسم میں نشہ آور اشیا کا انکشاف ہوا تھا۔ کچھ عرصے بعد ایک اور ٹیسٹ کیا گیا اور ذرائع نے بتایا کہ یہ ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ خاص طور پر، ٹیسٹ سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ پائلٹ نے چرس پی رکھی تھی۔وزارت سول ایوی ایشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے اس واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔بھارتی ائیر لائن کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

پی این پی