بغداد:عراقی وزیر اعظم علی الزیدی نے اسی روز امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر سے ملاقات کی۔عراقی وزیر اعظم کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران عراقی وزیر اعظم علی الزیدی نے عراق کی جانب سے طے شدہ شیڈول پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 30 ستمبر عراق میں بین الاقوامی اتحاد کی افواج کی فوجی ذمہ داریوں کے خاتمے اور ان کے مکمل انخلا کی آخری تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر عراق کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، جب ملک اپنی سرزمین پر غیر ملکی فوجی موجودگی سے مکمل طور پر آزاد ہو جائے گا۔ عراق اپنی قومی خودمختاری کا تحفظ، سکیورٹی اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط اور ملک کے امن و استحکام کو برقرار رکھے گا۔
دونوں فریقوں نے جولائی کے وسط میں عراقی وزیر اعظم کے دورۂ واشنگٹن کے دوران طے پانے والے معاہدے کا بھی اعادہ کیا، جس کے تحت عراق میں بین الاقوامی اتحاد کی افواج کی فوجی ذمہ داریاں ختم کی جائیں گی۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ عراق اور امریکہ کے تعلقات باہمی خودمختاری کے احترام اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر معاشی، ترقیاتی اور سکیورٹی کے شعبوں میں شراکت داری کی جانب آگے بڑھیں گے۔