پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر ڈاکٹر شوکت علی کی قوم کو مبارکباد

 

پاکستان مسلم لیگ (اوورسیز یو کے) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت علی نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں ڈاکٹر شوکت علی نے بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ اور تحریکِ پاکستان کے تمام قائدین اور کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی بصیرت، جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد وطن کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے مل کر کام کرنے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر شوکت علی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی محنت، صلاحیتوں اور وطن سے محبت کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کی علامت ہیں، اور ہماری فوج فتح، جرات اور قومی وقار کی نشانی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر شوکت علی نے پاکستان کی امن، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کرتے ہوئے کہا:

“اللہ تعالیٰ چوہدری شجاعت حسین صاحب کو مکمل صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور انہیں جلد از جلد شفائے کاملہ نصیب فرمائے۔ آمین۔”

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، اتحاد، ترقی اور کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔

پاکستان زندہ باد

Comments (0)
Add Comment