اسلام آباد(نعیم اختر) مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین تھے۔ تقریب میں چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، سینیٹر نیلوفر بختیار، اراکینِ قومی اسمبلی چوہدری محمد الیاس اور مسز فرخ خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، سابق رکن قومی اسمبلی آمنہ سلیم، رضوان صادق خان، پیر چراغ الدین شاہ، مہرین ملک آدم، انیلہ ایاز چوہدری، یاسر منیر، عاطف مغل، رحیم اعوان، چوہدری جہانگیر سمیت مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چوہدری سالک حسین نے ڈاکٹر محمد امجد اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اور جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ اسے ترقی یافتہ، خوشحال اور عالمی سطح پر باوقار ملک بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ تدبر، بردباری، رواداری اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔ وہ بھی انہی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پارٹی کو دوبارہ مضبوط اور فعال بنانا چاہتے ہیں۔ کارکنان ان کے دست و بازو ہیں اور جماعت کی تنظیمِ نو میں ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار ہمیشہ نہیں رہتا، اس لیے فیصلے قومی مفاد اور سوچ سمجھ کر کیے جانے چاہئیں۔ جائز کام کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر شخص کے لیے کھلے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ اوورسیز پاکستانیز نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران نمایاں پیش رفت کی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا، جس پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانی فخر محسوس کرتے ہیں۔ اب پوری قوم کو متحد ہو کر معاشی میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصول ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کے اتحاد، برداشت اور رواداری کے فلسفے پر عمل پیرا ہے، جبکہ چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین بھی انہی کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں۔سینیٹر نیلوفر بختیار نے کہا کہ پاکستان آج قائداعظمؒ کے اصولوں اور قومی اداروں کی انتھک محنت کی بدولت عالمی برادری میں سربلند ہے۔ چوہدری محمد الیاس، مسز فرخ خان، غلام مصطفیٰ ملک، رضوان صادق خان، انتخاب خان چمکنی اور دیگر مقررین نے بھی قوم کو مبارک باد پیش کی۔ اختتام پر پیر چراغ الدین شاہ نے ملکی سلامتی، ترقی اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔