اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک خاتون کی جانب سے اپنے شوہر کو مبینہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے،
جس کے بعد پولیس نے 38 سالہ شرمیلا کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شرمیلا پر الزام ہے کہ اس نے اپنے شوہر پراوین جگتاپ کو پہلے نشہ آور یا نیند کی گولیاں دیں، پھر اس پر کرکٹ بیٹ سے حملہ کیا اور بعد ازاں اسے زندہ دفنانے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق مبینہ طور پر 30 جولائی کو شرمیلا نے اپنے شوہر کے جوس میں نیند کی گولیاں ملا دیں، جس کے نتیجے میں پراوین تقریباً دو روز تک بے ہوش رہا۔ الزام ہے کہ یکم اگست کو جب وہ مکمل طور پر ہوش میں نہیں آیا تھا تو خاتون نے کرکٹ کے بلے سے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔واقعے کا انتہائی سنگین پہلو اس وقت سامنے آیا جب مبینہ طور پر گھر کی بالکونی میں تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں سے اینٹوں اور سیمنٹ کی مدد سے قبر نما ڈھانچہ تیار کروایا گیا۔
پولیس کے مطابق مبینہ طور پر بے ہوش پراوین کو اس ڈھانچے کے اندر رکھ کر اسے پتھر کی سل سے بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کو شبہ ہوا کہ اس ڈھانچے کے اندر کوئی شخص موجود ہے، جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور پراوین کو وہاں سے نکال کر انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا۔پراوین کے والد کی شکایت پر پولیس نے شرمیلا کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے کے محرکات اور دیگر حقائق جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
پی این پی