ٹوکیو: جاپان کے روزنامہ “مائنیچی شمبن” نے رپورٹ کیا کہ اس کی جانب سے جولائی میں کرائے گئے ملک گیر رائے عامہ کے مطابق حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 4 فیصد پوائنٹس کم ہو کر 23 فیصد رہ گئی ہے ۔ گزشتہ سال اکتوبر میں تاکائچی کابینہ کے قیام کے بعد سے یہ شرح حمایت اپنی کم ترین سطح پر ہے۔
اس کے علاوہ، “کیوڈو نیوز” نے 19 اگست کو رپورٹ کیا کہ متعدد جاپانی ذرائع ابلاغ کے سروے سے تاکائچی کابینہ کی مقبولیت میں واضح کمی کا رجحان سامنے آیا ہے۔ جاپانی میڈیا کے تجزیے کے مطابق اس کی بنیادی وجہ وزیر اعظم سانائے تاکائچی کی جانب سے حالیہ عرصے میں معاشی و عوامی فلاحی پالیسیوں، عسکری توسیع اور آئینی ترمیم سے متعلق کیے گئے متنازع اقدامات ہیں۔
گزشتہ سال اکتوبر میں سانائے تاکائچی کی حکومت کے قیام سے اب تک جاپان کے کم از کم 36 پریفیکچرز کی 128 مقامی اسمبلیاں قومی پارلیمان کو تجاویز پیش کر چکی ہیں، جن میں حکومت سے “تین غیر جوہری اصولوں” پر قائم رہنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حال ہی میں جاپانی میڈیا نے انکشاف کیا کہ مالی سال 2027 کے لئے جاپان کے دفاعی اخراجات کا مجموعی بجٹ 10 ٹریلین ین تک پہنچنے کا امکان ہے۔ 19 اگست کو جاپانی عوام نے قومی پارلیمان کی عمارت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور تاکائچی حکومت کی جانب سے دفاعی اخراجات میں اضافے کی مخالفت کی۔