برمنگھم (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار اور باصلاحیت ملک ہے، جو اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، تاہم پاکستان کا مقصد کسی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں بلکہ امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا فروغ ہے۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات اور گزشتہ برس ہونے والے فوجی تصادم کے حوالے سے مختلف بیانات اور دستاویزی مواد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کسی بھی جانب سے فوجی مہم جوئی یا اشتعال انگیز اقدام کیا گیا تو اس کے نتائج دونوں ممالک اور ان کے عوام کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ تنازعات جنگ، دھمکیوں یا طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیے جا سکتے بلکہ ان کا پائیدار حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی اعتماد کی فضا میں ممکن ہے۔
ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، جن میں تجارت کے فروغ، عوامی رابطوں اور باہمی خوشحالی کے لیے تعاون کو اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ ایسے اقدامات، بیانات یا مہمات سے گریز کیا جائے جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے لیے بہتر راستہ یہی ہے کہ وہ اپنے اختلافات اور زیر التوا معاملات کو مذاکرات کی میز پر حل کریں تاکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
آخر میں ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہیں۔