یورپی کمیشن نے یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے مزید 6.1 ارب یورو کی مالی امداد کی منظوری دی۔ یہ رقم میزائل ڈیفنس سسٹم، گولہ باروداور ریڈار سسٹمز کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی۔ یہ امداد 90 ارب یورو کے “یوکرین سپورٹ لون “کے تحت فراہم کی جا رہی ہے. یورپی کمیشن کے مطابق، اس منظوری کے بعد یوکرین کے لیے دفاعی سازوسامان کی خریداری کے منظور شدہ منصوبوں کی مجموعی مالیت 16 ارب یورو تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 8.35 ارب یورو پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں۔یورپی کمیشن نے کہا کہ دفاعی سازوسامان کی زیادہ تر خریداری یورپی یونین کے رکن ممالک کی دفاعی کمپنیوں سے کی جائے گی۔گزشتہ روزیوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی سلامتی کے حصول کے لیے یوکرین نیٹو کی رکنیت کے علاوہ کسی دوسرے انتظام کو تلاش نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال یوکرین کو اپنے مالیاتی خسارے کو پورا کرنے کے لیے یورپی یونین سے 30 ارب یورو کے قرض کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، یوکرین کو 27 ارب امریکی ڈالر کے دفاعی مالیاتی خسارے کا بھی سامنا ہے۔