پاکستان، پرتگال کا قانونی لیبر موبیلٹی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور پرتگال نے بیرونِ ملک مقیم شہریوں کے تحفظ، قانونی لیبر موبیلٹی اور ہنرمند افرادی قوت کے تبادلے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومنگیوز نے گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پرتگال اور پاکستان کی اپنی اپنی ڈائسپورا سے متعلق پالیسیوں اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں بیرونِ ملک مقیم شہریوں کے تحفظ اور معاونت، قانونی اور منظم لیبر موبیلٹی، مہارتوں کی ترقی، کمیونٹی انگیجمنٹ، تارکین وطن کی واپسی اور ان کی معاشرے میں دوبارہ شمولیت سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔

دونوں فریقوں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان باقاعدہ اور مؤثر لیبر موبیلٹی کے ذرائع کی ترقی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے قانونی، شفاف اور مکمل تصدیق شدہ بھرتی کے عمل کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پرتگالی سفارتخانے نے امید ظاہر کی کہ ڈائسپورا امور اور لیبر موبیلٹی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید فروغ پائے گا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

پرتگال
Comments (0)
Add Comment