اگست میں چین کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری

بیجنگ: چین کے قومی ادارہ شماریات کے سروس انڈسٹری سروے سینٹر اور چائنا فیڈریشن آف لاجسٹکس اینڈ پرچیزنگ کی جانب سے 31 اگست کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اگست میں چین کا مینوفیکچرنگ پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس 49.8 فیصد رہا، جو جولائی کے مقابلے میں 0.6 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین کے مینوفیکچرنگ شعبے کی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ چین کے قومی ادارہ شماریات کے سروس انڈسٹری سروے سینٹر کی چیف شماریات دان حوو لی حوئی کے مطابق، سروے میں شامل 21 صنعتوں میں سے 16 صنعتوں کے پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس میں جولائی کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مینوفیکچرنگ شعبے میں پیداوار اور طلب، دونوں میں بیک وقت توسیع دیکھی گئی۔ پروڈکشن انڈیکس 50.4 فیصد اور نیو آرڈرز انڈیکس 50.6 فیصد رہا، جو جولائی کے مقابلے میں بالترتیب 0.5 اور 2.1 فیصد پوائنٹس زیادہ ہیں۔اگست میں چین کے مینوفیکچرنگ شعبے کی ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی طلب میں بھی اضافہ ہوا۔ نیو آرڈرز انڈیکس اورنیو ایکسپورٹ آرڈرز انڈیکس میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ ماہانہ بنیاد پر مارکیٹ کی طلب میں ہونے والی بہتری گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بھی زیادہ نمایاں رہی۔

مینوفیکچرنگ
Comments (0)
Add Comment