کویت سٹی: کویت کی پبلک اتھارٹی فار مین پاور (PAM)
نے شدید گرمی کے دوران کھلے مقامات اور براہِ راست دھوپ میں دوپہر کے وقت کام کرنے پر عائد موسمی پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کارکنوں کو شدید گرمی کے اثرات، ہیٹ اسٹروک اور دیگر ممکنہ طبی مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ پابندی ہر سال یکم جون سے 31 اگست تک نافذ کی جاتی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پابندی کا مقررہ عرصہ ختم ہونے کے باوجود آجروں اور کمپنیوں کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوئی ہیں۔ تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے لیے کام کی جگہ پر صحت اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
پبلک اتھارٹی فار مین پاور کے مطابق فیلڈ انسپکشن ٹیمیں مختلف ورک سائٹس کا معائنہ جاری رکھیں گی۔ ان دوروں کا مقصد پیشہ ورانہ صحت و سلامتی سے متعلق ضوابط پر عملدرآمد کی نگرانی کرنا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ کارکنوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو بدستور ترجیح دی جائے گی۔
پی این پی