چین اور مصر کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری نے تیزی سے ترقی کی ہے، چینی صدر

قاہرہ :مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ کے ہیلیو پولس پیلس میں چین کے صدر شی جن پھنگ سے ملاقات کی ۔ بات چیت سے قبل مصری صدر نے صدر شی جن پھنگ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا۔بدھ کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور مصر کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری نے تیزی سے ترقی کی ہے۔ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھتے ہوئے تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہیے اور چین-مصر ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مسلسل آگے بڑھانا چاہیے۔شی جن پھنگ نے زور دیا کہ چین اور مصر کو پانچ پہلوؤں پر توجہ دینی چاہیے۔ اول، ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے اور مختلف شعبوں اور مختلف سطحوں پر تبادلوں اور تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے۔ دوم، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھایا جائے اور دونوں ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کیا جائے۔ سوم، ثقافتی اور عوامی تبادلوں کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لایا جائے۔ چہارم، سلامتی کے شعبے میں تعاون مضبوط کیا جائے اور دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی جائے۔ پنجم، بین الاقوامی اور کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط کیا جائے، یک طرفہ پسندی اور دھونس پر مبنی رویوں کی مشترکہ مخالفت کی جائے اور زیادہ منصفانہ اور معقول عالمی نظم و نسق کے نظام کی تشکیل کو فروغ دیا جائے۔صدر عبد الفتاح السیسی نے کہا کہ مصر ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ مصر کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر چین کے ساتھ روابط اور تعاون مضبوط کرنے، عالمی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے اور بین الاقوامی عدل و انصاف کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔دونوں ممالک کے سربراہانِ مملکت نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین خطے کے ممالک کے درمیان اچھے ہمسایہ اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کی حمایت کرتا ہے اور مشترکہ ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے تصور پر عمل پیرا رہتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں سلامتی کے ایک نئے ڈھانچے کی تشکیل کا حامی ہے۔اس حوالے سے شی جن پھنگ نے چار تجاویز پیش کیں۔ پہلی، خطے میں مشترکہ سلامتی کے اندرونی محرکات کو مضبوط کیا جائے۔ دوسری، خطے کی مشترکہ سلامتی کے لیے جامع طرزِ حکمرانی کو آگے بڑھایا جائے۔ تیسری، خطے کی مشترکہ سلامتی کے لیے ترقی کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا جائے۔ چوتھی، خطے کی مشترکہ سلامتی کے لیے بین الاقوامی رابطے اور تعاون کو بڑھایا جائے۔بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے سربراہانِ مملکت نے بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر، مصنوعی ذہانت، اقتصادی و تجارتی تعاون اور صنعتی و سپلائی چین سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔ فریقین نے عوامی جمہوریہ چین اور مصر کی جانب سے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے سے متعلق مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک نے ڈیجیٹل معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور نقل و حمل سمیت مختلف شعبوں میں 20 سے زائد تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے۔اسی روز دوپہر کو صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کی اہلیہ نے ہیلیو پولس پیلس میں صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت کا اہتمام کیا۔

مصر
Comments (0)
Add Comment