بھارت میں ایک خاندان میں 200 سال بعد بیٹی کی پیدائش، ننھی بچی کا شاندار استقبال اور بھرپور جشن منایا گیا

نئی دہلی (پی این پی)بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک خاندان میں 200 سال بعد بیٹی کی پیدائش پر بھر پور جشن منایا گیا اور ننھی مہمان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا کے ضلع بیڑ میں ایک خاندان نے دعویٰ کیا کہ ان کیخاندان کو بیٹی کی پیدائش کا تقریبا ً5 نسلوں سے انتظار تھا۔ خاندان کے مطابق تقریباً 200سال بعد ان کے خاندان میں کسی لڑکی کی پیدائش ہوئی ہے جس پر پورا خاندان خوش ہے اور انہوں نے بچی کی پیدائش کی خوشی بڑے جوش و خروش سے منائی اور نومولود بچی کا استقبال بالکل ایک شہزادی کی طرح کیا گیا۔خاندان کے علاوہ مقامی افراد کی بڑی تعداد نے بھی اس خوشی میں بھرپور شرکت کی۔بچی کے دادا میڈیا سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ خاندان میں بیٹی کی پیدائش بہت بڑی خوش قسمتی ہے، اتنے برسوں سے ہمیں اس بات کا افسوس تھا کہ ہمارے ہاں کوئی بیٹی نہیں تھی اور آج یہ خواہش پوری ہوگئی ۔بچی کی دادی نے کہاکہ لڑکی کی پیدائش پر پورا خاندان بے حد خوش ہے، ہم بہت خوش ہیں کہ آج ہمارے گھر لکشمی آئی ہے۔بچی کے والد نے کہاکہ بیٹی کی پیدائش نے خاندان میں ایک الگ ہی خوشی پیدا کردی ہے، ہمارے معاشرے میں عام طور پر لوگ بیٹے کی خواہش کرتے ہیں لیکن بیٹی ہونیکا احساس اور خوشی ہی کچھ اور ہوتی ہے۔خاندان نے کہاکہ اس جشن کا مقصد معاشرے کو ایک مثبت پیغام بھی دینا تھا کہ بیٹی کی پیدائش خوشی اور فخر کا موقع ہے اور اسے بھی اسی طرح منایا جانا چاہیے۔

پی این پی