کراچی:
عرصۂ دراز سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ تنخواہوں کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں خدمات انجام دینے والے ہاؤس آفیسرز اور ایف سی پی ایس ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کا امکان ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت شہر کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں شمار ہونے والے عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز گزشتہ کئی عرصے سے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث مشکلات کا شکار رہے ہیں۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ڈاکٹرز کی جانب سے متعدد مرتبہ احتجاج بھی کیا جاچکا ہے، جبکہ درجنوں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز اور ہاؤس آفیسرز نے مطالبات کی منظوری کے لیے او پی ڈیز کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ڈاکٹرز کی تنخواہوں کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین میڈیکل اینڈ ہیلتھ کمیٹی کے ایم سی بشیر خاصخیلی نے بتایا کہ ہاؤس جاب اور ایف سی پی ایس ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے بات چیت جاری ہے جلد اجلاس میں اس حوالے سے خوشخبری ملنے کی امید ہے۔
بشیر خاصخیلی نے کے ایم سی اسپتال کا ہنگامی دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، پیڈیاٹرکس، میڈیکل آئی سی یو سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سہولیات کی عدم دستیابی پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بشیر خاصخیلی نے کہا کہ اسپتال میں دو چیزیں سب سے زیادہ اہم ہیں، ایک مریض اور دوسرا اسٹاف، ہماری اولین ترجیح دونوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ایمرجنسی میں متعدد مریضوں سے بات چیت کی، لوگ مطمئن ہیں تاہم ہمیں مزید سہولیات بہتر کرنا ہوں گی، بعض شعبہ جات میں مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہےانہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے ساتھ اسٹاف کے مسائل کا حل بھی ضروری ہے، ہاؤس جاب کی تنخواہوں کا مسئلہ کافی عرصے سے اسپتال میں موجود ہے اور اسے حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین میڈیکل اینڈ ہیلتھ کمیٹی نے مزید کہا کہ اسپتال میں سیکیورٹی کے انتظامات بھی بہتر کیے گئے ہیں، مختلف مقامات پر سیکیورٹی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر اسپتال میں سہولیات کی بہتری کا عمل جاری ہے۔
پی این پی