*6 ستمبر یوم دفاع پاکستان/ پاک افواج کی جرات و بہادری کی لازوال داستان ہے، ڈاکٹر شوکت علی شیخ*

 

لندن/برمنگھم(انٹرنیشنل نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ق) اوورسیز یوکے ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کی تاریخ اور پاک افواج کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، اس دن پاک افواج نے پاکستانی قوم کی حمایت اور اپنی جرات و بہادری سے اپنے سے کئی گنا بڑے ازلی دشمن کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر شکستِ فاش سے دوچار کیا، یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر اچانک حملہ کیا لیکن دشمن کو معلوم نہیں تھا کہ پاک افواج چوکس اور بیدار ہیں جبکہ پاکستانی عوام ملکی دفاع کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے 6 ستمبر 1965ء کو دشمن پر جو دھاک بٹھائی تھی وہ آج بھی برقرار ہے، بھارت آج بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا، پاک افواج نے ہمیشہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائی ہیں، ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے یوم دفاع کے موقع پر پاک افواج کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مستحکم اور آزاد ملک کے طور پر موجود ہے تو یہ اللہ رب العزت کی مہربانی و کرم کے بعد پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی، پاک افواج سمیت دیگر فورسز کے تمام شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، دشمن نے اگرجب بھی پاکستان کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی تو اسے ہمیشہ قوم کے اتحاد اور پاک افواج کی جرأت و بہادری کا سامنا کرنا پڑا اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا، آخر میں ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی اور ایک بار پھر پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا

Comments (0)
Add Comment