کراچی:
مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باوجود گزشتہ ماہ( اگست) میں اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے بیرون ملک سے بھجوائی گئی ترسیلات زر0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 3.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ (جولائی،اگست) کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی گئی ترسیلات زر آئی ایم ایف پروگرام کی رقم کے برابر پہنچ گئیں۔
اس حوالے سے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگست 2026ء میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب 65 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر وطن بھجوائیں، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 16 اعشاریہ 5 فیصد زیادہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال 2027 کے پہلے دو ماہ، جولائی اور اگست کے دوران ترسیلاتِ زر 7 ارب 29 کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14 اعشاریہ 7 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
خرم شہزاد کے مطابق اگست کے دوران سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر سعودی عرب سے 87 کروڑ 30 لاکھ ڈالر موصول ہوئیں، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 75 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 56 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 30 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ پاکستان کے بیرونی کھاتے کے لیے اہم ہے، جو ملکی زرمبادلہ کی دستیابی، زرِمبادلہ کے ذخائر، گھریلو آمدن اور بیرونی شعبے کی مجموعی مضبوطی میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
دوسری طرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اگست 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.7 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جو کہ جولائی کے مقابلے میں 0.7 فیصد جبکہ اگست 2025 کے مقابلے میں 16.5 فیصد زیادہ رہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں 6.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں ترسیلات زر گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.7 فیصد بڑھ گئی ہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مالی سال 2026،27 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران 7 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیج دیں، دوماہ کی ترسیلات زرآئی ایم ایف پروگرام کی رقم کے برابرپہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے صرف اگست 2026 میں 3 ارب 70 کروڑ ڈالر وطن بھیجے گئے۔ اگست میں موصول ہونے والی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 16.5 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا اگست کے دو ماہ میں مجموعی ترسیلات زر 7.3 ارب ڈالر رہیں، گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 ماہ کی ترسیلات زر میں 14 اعشاریہ 7 فیصد اضافہ ہوا۔
اگست کی ترسیلات میں سب سے بڑا حصہ سعودی عرب سے87 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، متحدہ عرب امارات سے 74 کروڑ 98 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 56 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں، امریکا سے 30 کروڑ 89 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
پی این پی