مسائل کے حل کیلئے قومی سطح پر ڈائیلاگ نا گزیر ہے ،پیشرفت ہونی چاہیے ‘ ہمایوں اختر خان

ہر طرف پھیلی محرومیاں انگریزدور سے علاقے کی نمائندگی کرنیوالوںسے چیخ چیخ کر سوال کر رہی ہیں سابق وفاقی وزیر کااین اے 97 کا تفصیلی دورہ،علاقہ عمائدین، حلقے کے لوگوںسے ملاقاتیں کیں

لاہور:سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے مثبت اور تعمیری سوچ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، مسائل کے حل کیلئے قومی سطح پر ڈائیلاگ نا گزیر ہے جس کے لئے پیشرفت ہونی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 97کے دورہ کے موقع پر علاقہ عمائدین اور حلقے کے لوگوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں بھی گئے اور ورثاء سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔اہل علاقہ نے انتخابات کے بعد بلاتعطل رابطہ رکھنے پر ہمایوں اختر خان اور ان کے ساتھیوں سے بھرپور اظہارتشکر کیا ۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ بد قسمتی سے این اے 97 سے منتخب ہونے والے نام نہاد نمائندوں نے عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی پر وہ توجہ نہیں دی جس کے عوام مستحق تھے،یہاں ہر طرف پھیلی محرومیاں انگریزوں کے دور سے علاقے کی نمائندگی کرنے والوںسے چیخ چیخ کر سوال کر رہی ہیں لیکن دوسری طرف مسلسل خاموشی ہے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ این اے 97 کے عوام کی آواز موثرانداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے اپنی استطاعت سے بڑھ کر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔انہوں نے ملاقاتوں کے دوران حلقے میں تعلیم، صحت، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے جاری کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام سے مضبوط رابطہ، ان کے مسائل کا ادراک اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات ہی حقیقی عوامی خدمت کا راستہ ہیں۔

ہمایوں اختر خان
Comments (0)
Add Comment