مسلم لیگ (ق) ہیومن رائٹس ونگ کا اہم اجلاس، تنظیم سازی اور عوامی شکایات کے حل پر غور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ہیومن رائٹس ونگ کے مرکزی اور صوبائی عہدیداران کا ایک اہم اجلاس مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد اور سینئر ایڈوائزر ٹو پریذیڈنٹ، سینیٹر نیلوفر بختیار نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت ہیومن رائٹس ونگ کے صدر ڈاکٹر یاسر منیر لغاری نے کی، جبکہ ساجد شیخ، اشفاق خان، طاہرہ سید، طاہر حسین اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اجلاس میں شہزاد بٹ، شیر احمد شاہو انی، رزاق لغاری، شوکت جمیل، نسیم بلوچ، انجینئر مطیع اللہ خان، ایڈووکیٹ عماد الرحمان، سحر سیال، ملک سکندر اور سمرین تاج نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے اہم نکات میں ہیومن رائٹس ونگ کی تنظیم سازی اور عوامی شکایات کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی ،اداروں کے ساتھ مؤثر روابط اور فوکل پرسنز کی نمائندگی ، شکایات کے ریکارڈ اور فالو اَپ کے لیے باقاعدہ نظام کی تشکیل پر غور کیا گیا۔

ڈاکٹر محمد امجد اور سینیٹر نیلوفر بختیار نے زور دیا کہ ویمن ونگ، چائلڈ رائٹس ونگ اور لائرز ونگ انسانی حقوق سے متعلق معاملات میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔ اجلاس میں خواتین اور اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، کشمیر کاز کو انسانی حقوق کے تناظر میں اجاگر کرنے اور زیرِ التوا قانون سازی کا جائزہ لینے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر محمد امجد جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے، جہاں ہیومن رائٹس ونگ بلوچستان کے عہدیداران سے ملاقات میں صوبے میں ونگ کو مزید فعال بنانے کے اقدامات پر غور ہوگا۔ بیرون ملک سفر کرنے والے افراد سے ویکسینیشن فیس میں زائد وصولی کے مسئلے کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے کوآرڈینیٹرز کے ذریعے دستاویزات، ویزہ اور سفر سے متعلق مشکلات کے حل کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا

مسلم لیگ (ق)
Comments (0)
Add Comment