اسلام آباد(نعیم اختر) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر و وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین اور پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام، اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے، وفاقی دارالحکومت میں صوبائی اسمبلی کے قیام اور شہری و دیہی علاقوں کے مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ انتظامی ڈھانچہ بدستور پرانا ہے۔ موجودہ نظام کے تحت عوام کو مؤثر سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کے مسائل کا بروقت حل مشکل ہوگیا ہے۔ ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مزید صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینا بھی ناگزیر ہوچکا ہے۔ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کی بڑی آبادی آج بھی متعدد بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ دارالحکومت کی اپنی صوبائی اسمبلی ہونی چاہیے، جہاں عوام کے منتخب نمائندے ان کی آواز اٹھائیں، مقامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کریں اور تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں۔ چوہدری سالک حسین اور ڈاکٹر محمد امجد نے اسلام آباد سمیت ملک میں مزید صوبوں کے قیام کے لیے پاکستان مسلم لیگ کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ کروڑوں افراد پر مشتمل صوبوں کا انتظام مؤثر انداز میں چلانا انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔
دور دراز علاقوں کے شہریوں کو معمولی سرکاری امور کے لیے بھی صوبائی دارالحکومتوں کا سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کا قیمتی وقت اور پیسہ ضائع ہوتا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں بیٹھا محکمہ جاتی سربراہ دور افتادہ علاقوں میں اصلاحات کے مؤثر نفاذ اور عوامی مسائل کی مکمل نگرانی نہیں کرسکتا۔ صوبوں کی تعداد بڑھانے سے انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی، وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور تمام علاقوں کو یکساں توجہ ملے گی۔
ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے کی تجویز شاندار اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہے۔ اسلام آباد کی صوبائی اسمبلی قائم ہونے سے شہریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملے گا، جو ان کی آواز بنیں گے اور شہری و دیہی علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرسکیں گے۔ چوہدری سالک حسین اور ڈاکٹر محمد امجد نے وفاقی دارالحکومت میں سید محسن نقوی کی نگرانی میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اسلام آباد کو صوبائی حیثیت ملنے سے تعمیر و ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔