لندن سے بنگلادیش جانے والی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، ویڈیو وائرل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لندن سے بنگلادیش جانے والی بیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز کی پرواز میں دو مسافروں کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق دورانِ پرواز دونوں مسافروں کے درمیان کسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جو کچھ ہی دیر بعد ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔ واقعے کے دوران طیارے میں موجود دیگر مسافر بھی پریشانی اور خوف میں مبتلا ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں افراد پہلے ایک دوسرے سے بحث کررہے ہیں اور بعد ازاں ایک دوسرے پر ہاتھ اٹھاتے ہیں۔ جھگڑے کے دوران ایک مسافر کی ٹی شرٹ بھی پھٹ گئی۔

صورتحال کو قابو کرنے کے لیے کیبن کریو اور دیگر مسافروں نے مداخلت کی اور دونوں افراد کو ایک دوسرے سے دور کردیا۔ واقعے کی وجہ سے پرواز کے اندر کچھ دیر کے لیے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ویڈیو فیس بک پر ’الدین عالم‘ نامی صارف نے شیئر کی، جن کے مطابق وہ 16 ستمبر 2026 کو اسی پرواز میں سفر کررہے تھے۔ انہوں نے واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مسافروں کے درمیان اچانک لڑائی شروع ہونے سے طیارے میں موجود افراد خوفزدہ ہوگئے۔

الدین عالم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ پرواز میں بچے اور بزرگ بھی موجود تھے اور ہزاروں فٹ کی بلندی پر طیارے کے اندر اس نوعیت کی صورتحال مسافروں کے لیے انتہائی خوفناک ہوسکتی ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ عام طور پر مسافر سفر کے دوران اپنی سلامتی کے حوالے سے اطمینان کی توقع رکھتے ہیں، تاہم اچانک سامنے آنے والی ایسی لڑائی ہر شخص کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہے۔

دوسری جانب بیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز کے جنرل منیجر برائے پبلک ریلیشنز محبوب الدین احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔



پی این پی