نیویارک(پی این پی)امریکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آنے والے ایرانی حکام کو لگژری اشیا کی خریداری سے خبردار کردیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پیگوٹ نے کہا کہ ایرانی وفد کو نیویارک کے دورے کے دوران لگژری خریداری کی اجازت نہیں ہوگی۔ٹامی پیگوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ عام ایرانی شہری معاشی مشکلات، مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ ایرانی حکام نیویارک میں خریداری کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایرانی حکام کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر لگژری ریٹیل کے لیے اجلاس کا استعمال نہیں کرنے دے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایرانی مشن کے حکام، دورہ کرنے والے ایرانی عہدیداروں اور ان کے زیرِ کفالت افراد پر لگژری اشیا اور بعض ہول سیل کلب ممبرشپس کی خریداری پر پابندی برقرار رہے گی۔ نیویارک کے تاجروں کو بھی ان پابندیوں کی خلاف ورزی سے خبردار کیا گیا ہے۔
پی این پی