روم (پی این پی)اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اسکولوں میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد محدود کرنے اور برقع و حجاب پر پابندی عائد کرنے کے لیے ایک قانونی اقدام کی تیاری کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جارجیا میلونی نے اپنی جماعت برادرز آف اٹلی کی نوجوان تنظیم کے زیرِ اہتمام نیشنل یوتھ فیسٹیول فینکس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ اطالوی بچے خود کو کلاس رومز میں اقلیت محسوس کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ ناقابلِ تصور ہے کہ کسی اطالوی کلاس روم میں اطالوی بچے خود کو صرف اس لیے ایک کونے میں محسوس کریں کہ وہ اقلیت بن گئے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا۔اطالوی وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت اسکولوں میں برقع اور حجاب پر پابندی عائد کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی طلبہ کے والدین کے لیے بھی اطالوی زبان سیکھنا لازمی قرار دیا جائے گا، خاص طور سے ان والدین کے لیے جن کے بچوں کو اسکول کے نظام میں انضمام کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔وزیرِاعظم کے مطابق یہ مجوزہ اقدامات جلد ہی وزرا کی کونسل کے سامنے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
پی این پی