بچوں کو شادی سے پہلے موبائل نہ دینے کے بیان پر شاہد آفریدی کو تنقید کا سامنا
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر اپنے بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
اسلام آباد میں دارِ ارقم اسکولز کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بچوں کی تربیت، موبائل فون کے استعمال اور والدین کی ذمہ داریوں پر گفتگو کی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ صرف دینی یا دنیاوی تعلیم کافی نہیں بلکہ بچوں کی اخلاقی اور مذہبی تربیت سب سے اہم ہے۔
ان کے مطابق آج کل والدین بچوں کو خاموش کرانے کے لیے فوراً موبائل فون تھما دیتے ہیں حالانکہ یہ ایک بیماری بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو شادی سے پہلے موبائل فون استعمال نہیں کرنے دیے۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ بچوں کی تربیت صرف ماں کی ذمہ داری نہیں بلکہ والد اور والدہ دونوں کو مل کر وقت دینا چاہیے۔
تاہم ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل دیا۔ کئی افراد نے کہا کہ بچوں کو ٹیکنالوجی سے دور رکھنے کے بجائے اس کا ذمہ دارانہ استعمال سکھانا زیادہ ضروری ہے۔
بعض صارفین نے آفریدی کے بیٹیوں سے متعلق مؤقف کو سخت اور فرسودہ سوچ قرار دیا جبکہ کچھ نے طنزیہ انداز میں ان کے خیالات پر تنقید بھی کی۔
پی این پی