News Views Events
Apna Watan

علی خامنہ ای کے جنازے پر اسرار نقاب پوش کون تھا؟ شناخت ظاہر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کے دوران سیاہ نقاب میں دکھائی دینے والی پراسرار شخصیت سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیاں آخرکار ختم ہوگئیں۔

ایرانی ذرائع کے مطابق جنازے میں ماسک پہن کر شریک ہونے والا شخص آیت اللہ خامنہ ای کے بڑے پوتے محمد جواد خامنہ ای تھے، جو مصطفیٰ خامنہ ای کے صاحبزادے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 28 فروری کو ہونے والے مبینہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ محمد جواد خامنہ ای بھی زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے دوران ان کے چہرے پر گہرے زخم اور جھلسنے کے نشانات آئے، جس کے باعث انہوں نے نمازِ جنازہ میں اپنا چہرہ سیاہ ماسک سے ڈھانپ رکھا تھا۔

ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ نقاب پوش شخصیت موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ہیں، تاہم بعد میں ایرانی میڈیا نے اس کی تردید کرتے ہوئے اصل شناخت واضح کر دی۔

ذرائع کے مطابق حملے کے وقت مجتبیٰ خامنہ ای بھی اسی عمارت میں موجود تھے، لیکن وہ دوسرے حصے میں ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کے ہاتھوں، بازوؤں اور ٹانگوں پر معمولی زخم آئے تھے، جن کے بعد انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای نے کسی عوامی تقریب یا خطاب میں شرکت نہیں کی، تاہم وہ مبینہ طور پر تحریری پیغامات کے ذریعے ایران کی مذہبی اور عسکری قیادت سے رابطے میں ہیں۔

یاد رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین چھ روزہ سوگ کے اختتام پر ان کے آبائی شہر مشہد میں امام رضاؑ کے روضے کے احاطے میں کی گئی، جبکہ تعزیتی تقریبات میں دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پی این پی

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.