خواتین کو معاشی خودمختاری دلانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ضروری ہے، فوزیہ ناز

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کا اہم اجلاس جنرل سیکرٹری محترمہ فوزیہ ناز کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں خواتین کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی خودمختاری کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فوزیہ ناز نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں باوقار اور مؤثر مقام دلانے کے لیے تعلیم، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے خواتین میں ووٹ کی اہمیت، جمہوری حقوق اور سماجی ذمہ داریوں سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم اور تربیتی نشستوں کے انعقاد پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں آمنہ خانم نائلہ روبی روبینہ بٹ کرن اور دیگر خواتین نےشرکت کی
اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ خواتین کے لیے مفت اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرامز شروع کیے جائیں، جن میں کوکنگ، بیکنگ، دستکاری، ہوم ڈیکوریشن اور گھریلو صنعتوں سے متعلق تربیت شامل ہو، تاکہ خواتین گھر بیٹھے باعزت روزگار حاصل کرنے کے ساتھ دیگر خواتین کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔شرکاء نے ڈیجیٹل تعلیم، آن لائن کاروبار، سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کی تربیت کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی خواتین کے لیے معاشی ترقی کے نئے راستے کھول سکتی ہے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خواتین کو ہنرمند، بااختیار اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے عملی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ خواتین ملکی ترقی اور معاشرتی خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔



