اپ سیٹ سے بال بال بچنے والے ارجنٹینا نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

میامی (04 جولائی 2026): ارجنٹینا اور کیپ ورڈی کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ارجنٹینا نے کیپ ورڈی کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرایا، مقررہ وقت میں دونوں فٹبال ٹیموں کا میچ 1-1 گول سے برابر رہا تھا، اور دونوں کے درمیان میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔
اضافی وقت میں ارجنٹینا نے 2 اور کیپ ورڈی نے ایک گول اسکور کیا، ارجنٹینا کی طرف سے لیونل میسی، لیسانڈرو مارٹینیز اور ڈینی نے گول داغے، جب کہ کیپ ورڈی کی جانب سے ڈیروئے دوارتے اور سڈنی لوپس کابرال نے گول کیے۔
لیونل میسی نے ابتدائی گول کر کے ارجنٹینا کو برتری دلا دی تھی، مگر کیپ ورڈی نے شان دار مزاحمت کرتے ہوئے میچ کو اضافی وقت تک کھینچ دیا اور ورلڈ کپ کی تاریخ کے بڑے اپ سیٹس میں سے ایک کے بالکل قریب پہنچ گیا تھا۔
دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے میں اضافی وقت کے دوران ہونے والے ایک ’’اون گول‘‘ کی بدولت غیر معمولی حوصلہ اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والی کیپ ورڈی کی ٹیم کو 2-3 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی۔



