راولپنڈی:
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور کارکنوں کی ممکنہ آمد کے پیش نظر پولیس نے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے لیے سیکیورٹی انتظامات کے تحت 1300 سے زائد اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق اڈیالہ جیل کے اطراف اور آنے جانے والے راستوں پر مجموعی طور پر 12 ناکے قائم کیے جائیں گے۔ گورکھ پور، چکری انٹرچینج، گارڈن ولاز ڈائیورشن اور بحریہ فیز 8 میں خصوصی ناکے لگائے جائیں گے جبکہ ٹھلیاں انٹرچینج، خواجہ کارپوریشن، گلشن آباد اور کیپٹل اسمارٹ سٹی کے سامنے بھی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
سیکیورٹی پلان کے مطابق کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا قافلے کو اڈیالہ جیل کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے آمد و رفت کی سخت نگرانی کی جائے گی اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کے لیے ایلیٹ فورس، رائٹ مینجمنٹ فورس، واٹر کینن اور آنسو گیس سے لیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
پی این پی