اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران کی خودمختاری کو کسی صورت چیلنج نہیں کرنا چاہیے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل نے جھوٹ کی بنیاد پر ایران پر حملہ کیا، الزام لگایا گیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب ہے، ایران پر کئی سال سے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں لیڈر شپ اور صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا، ایران کی جوہری تنصیبات پر مہنگا ترین حملہ کیا گیا، ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے خطے کے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا گیا، ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سلامتی کونسل میں بھی امریکا کے ایران پر حملے کی مذمت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل امریکی عوام کو جنگ میں دھکیل رہا ہے، امریکی عوام اس جنگ کی حمایت نہیں کر رہے، غزہ، عراق اور لبنان کے بعد اب یہ ایران پر حملے کیلئے آئے ہیں، ایران اسرائیل جنگ کا تدبر اور تحمل کے ساتھ حل نکالا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے خطے میں بھی ایک نیتن یاہو کی سستی کاپی موجود ہے، ہم نے نیتن یاہو کی سستی کاپی کو جنگ، سفارتکاری، بیانیہ کے میدان میں ہرایا، ہم جس جس ملک میں گئے پاکستان کا بیانیہ پیش کیا، ہم جہاں جہاں گئے پیچھے پیچھے نیتن یاہو کی سستی کاپی کے بھی نمائندے پہنچے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فوجی اور سفارتی سطح پر کامیابی عطاء کی۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جب تک خطے میں امن قائم نہیں ہوگا تو یہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں نہیں، ہم نے مسئلہ کشمیر پر اپنا واضح مؤقف پیش کیا، پی ٹی آئی دور میں بھی بھارت کی جانب سے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں کہا کیا کروں بھارت کے ساتھ جنگ چھیڑ دوں۔
انہوں نے کہا کہ اس بار پاکستان ڈرا نہیں اورجھکا نہیں، ہم نے بھارت کے ساتھ جنگ کی اور وہ جیتے بھی، ہم نے بھارت کے 6 جہاز گرائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کشمیر ماضی میں اندرونی معاملہ بن چکا تھا لیکن اب بین الاقوامی معاملہ ہے، بھارت کے پرانے الفاظ تھے کہ کشمیر ہمارا اندرونی مسئلہ ہے لیکن اب وہ پیچھے ہٹ چکا ہے، امید کرتا ہوں ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم انشاءاللہ کشمیر کے عوام کو انصاف دلوائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پہلگام دہشتگردی کے واقعہ کے بعد سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا کہا، پانی روکنے کی دھمکی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اگر پانی روکا گیا تو ہمیں جنگ لڑنی پڑے گی، ہم جانتے ہیں ہماری افواج، ایئرفورس بالکل تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بھارت کے پاس دو ہی آپشنز ہیں، بھارت سندھ طاس معاہدہ مان لے، اگرسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرے گا تو ہم 6 کے 6 دریا اپنے عوام کو دلوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان کو باقاعدہ دہشت گرد ریاست ڈکلیئر کرایا جائے، بھارت نے کوشش کی پاکستان کو آئی ایم ایف کا پیکج نہ ملے، ہر محاذ پر پاکستان جیتا اور بھارت ہارا، ہم نے اقوام متحدہ کے فورم پر اپنا مؤقف پیش کیا، پاکستان کی وزارت خارجہ اور سفیروں کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پہلے یہی عراق کے بارے کہا گیا اور اب ایران کے بارے میں کہا کہ ان کے پاس ویپن آف ماس ڈسٹرکشن ہیں، پہلے وہ لبنان آئے، یمن آئے اور اب ایران آگئے، اگر ہم اب نہ بولے تو جب وہ ہم پر آئیں گے تو کوئی بولنے والا نہیں ہوگا، اسرائیل کی رجیم کو روکنا ہوگا۔
Trending
- چین اور اٹلی کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
- چین میں سرمایہ کاری کاروباری اداروں کے لیے ناگزیر انتخاب ، عالمی سروے نتائج
- چینی فلمی صنعت دنیا کے لیے چین کو سمجھنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے،عالمی سروے نتائج
- پاک ترک کمانڈوز اور اسپیشل فورسز کی مشترکہ مشق ’’جناحXIII‘‘ کامیابی سے مکمل
- چین اور جبوتی کی روایتی دوستی بہت دیرینہ ہے، چینی صدر
- چین نے ہمیشہ ترکمانستان کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کی ہے، چینی نائب وزیر اعظم
- جاپان میں چینی شہریوں کے خلاف امتیازی سلوک کے واقعات میں نمایاں اضافہ
- جاپان کی جانب سے آبنائے تائیوان میں سیلف ڈیفنس فورس کے جہاز بھیجنا ایک دہری غلطی ہے، چینی وزارت خارجہ
- چینی معیشت کا ” 5.0 فیصد” سے مضبوط آغاز
- چین، بیجنگ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا آغاز ہو گیا