News Views Events

رومانیہ کے سفیر کی سندھ کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی خواہش

0

کراچی (سٹاف رپورٹر )  پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوانیسکو نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، قابلِ تجدید توانائی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران رومانیہ کے سفیر نے سندھ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
انہوں نے صنعتی پیداوار، ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، آئی ٹی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجاویز پیش کیں۔ ڈاکٹر اسٹوانیسکو نے ’’رومانیہ-سندھ اقتصادی مکالمہ پلیٹ فارم‘‘ کے قیام کی تجویز دی، جس کے ذریعے دونوں خطوں کے کاروباری ادارے اور چیمبرز آف کامرس باہمی روابط کو فروغ دے سکیں گے۔
سفیر نے سندھ کے اسپیشل اکنامک زونز میں رومانیہ کی شمولیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا، جبکہ دونوں فریقوں نے جھمپیر کے علاقے میں ہوا اور شمسی توانائی کے منصوبوں، زراعت و ایگرو انڈسٹری، اور قونستانزا بندرگاہ (رومانیہ) اور کراچی پورٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت پر بات چیت کی۔
ڈاکٹر اسٹوانیسکو نے شہری منصوبہ بندی، ڈیجیٹل انتظامی نظام اور اچھی حکمرانی میں رومانیہ کے یورپی یونین سے ہم آہنگ تجربات سندھ کے ساتھ شیئر کرنے کی پیشکش بھی کی۔ثقافت اور تعلیم کے میدان میں رومانیہ کی جانب سے کراچی میں منعقد ہونے والے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں اوپیرا اور بیلے پرفارمنسز پیش کی جائیں گی، جبکہ یورپین فلم فیسٹیول میں ایک رومانین فیچر فلم بھی شامل ہوگی۔ دونوں رہنماؤں نے سندھ کی جامعات اور رومانیہ کے تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری، اسکالرشپس اور کراچی میں ایک نجی رومانین یونیورسٹی کی شاخ کے قیام کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔مزید برآں، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات، پانی کے انتظام، پائیدار شہری ترقی اور خواتین کے بااختیار بنانے سے متعلق منصوبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ رومانیہ نے ڈینیوب دریا کے نظام کے انتظام میں اپنے تجربات شیئر کرنے اور یورپی یونین کے فنڈز سے ممکنہ منصوبوں پر کام کرنے کی پیشکش کی۔آخر میں دونوں فریقوں نے 2026 میں رومانین کاروباری وفد کے سندھ کے دورے پر اتفاق کیا تاکہ ان شعبوں میں عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان اور رومانیہ کا بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق

Leave A Reply

Your email address will not be published.