پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات /فوکل پرسن وزارت اوورسیز پاکستانیز غلام مصطفی ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان دیشت گردی میں بھارت ملوث ہے،معاشی ترقی کے امن اور سیاسی استحکام ضروری ہے،اپنی وزارت کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو فنی تعلیم اور روزگار فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں بلوچستان مسلم لیگ کی شمولیتی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،
تقریب سے پارٹی کے مرکزی نائب صدرنعمت خان خلجی،
مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالشکور مری، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رفیع اللہ اچکزئی،ضلعی صدر کوئٹہ بشیر خان اچکزئی، ضلعی صدر چمن ڈاکٹر علی عادل ، حاجی ندا جان درانی ، مدثر ایڈوکیٹ سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا،مصطفیٰ ملک نے کہا کہا کہ مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے پارٹی کے ورکر بلدیاتی انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لے رہے ہیں کامیابی ہمارا مقدر ہے،نعمت خلجی نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی ترجیحات بلوچستان کی تعمیر و ترقی ، خوشحالی اور امن کی بحالی سے جڑی ہوئی اس لئے صوبے کی بہتری کیلئے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ق) اپنا فعال کردار ادا کرنے کے لئے عملی طور پر میدان میں آچکی ہے۔ شکور مری نے نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا اور آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا ، قدرتی وسائل سے بڑی اہمیت کا حامل صوبہ ہے جس کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت آج بھی یہی محسوس کررہی ہے کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور امن ہی ہماری ترجیحات میں ہے اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رفیع اللہ نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ سابق وزیر اعظم سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین کی خصوصی ہدایت پر منعقدہونے والے شمولیتی پروگرام میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلام آباد سے کوئٹہ آئے ہیں اور پارٹی کی مرکزی قیادت کی خواہش ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کے جیالے ورکر بھر پور انداز میں حصہ لے اور عوام کے حق رائے دہی سے کامیابی حاصل کرکے بلدیاتی نظام کا حصہ بن کر کوئٹہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کے جذبے سے سیاسی میدان میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ کوئٹہ کے باسیوں کی محرومیوں کے ازالے کو یقینی بنایا جاسکے۔ مقررین نے پارٹی میں شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کو صوبہ بھر میں فعال اور مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بھر پور جدوجہد کریں گے تاکہ پارٹی ایک بار پھر سیاسی نظام میں متحرک ہوکر اپنا کردار ادا کرسکے۔اس موقع پر متعدد سیاسی جماعتوں کے عہدے داروں نے مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے نومنتخب پارٹی عہدے داروں میں نوٹیفکیشن اور بلدیاتی امیداروں میں ٹکٹ تقسیم کیے