پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد کیپٹل کے سابق سیکرٹری اطلاعات ونشریات انجینئر مطیع اللہ خان نے تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی بھی قوم کی ترقی کا سب سے مضبوط ستون ہے۔ تعلیم کا عالمی دن 24 جنوری پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جارہا ہے۔
3 دسمبر 2018 کو اقوام متحدہ کی قرارداد کا مقصد تعلیم کو بنیادی انسانی حق کے طور پر تسلیم کرنا اور امن و ترقی کے لیے اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ انسانی حقوق کے عالمی چارٹر (آرٹیکل 26) کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ ریاستوں پر لازم ہے کہ وہ مفت اور لازمی بنیادی تعلیم فراہم کریں۔
پاکستان میں تقریبا 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔ یونیسیف کے مطابق پاکستان دنیا میں ان بچوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا سکول سے باہر رہنا قومی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت وقت کو چاہیے کہ تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح دے۔ سرکاری اسکولوں کی تعداد میں اضافہ کرے۔ اساتذہ کی کمی کو دور کرے اور نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنائے۔
انجینئر مطیع اللہ خان نے کہا کہ تعلیم کے بغیر نہ تو انسانی حقوق کی تکمیل ممکن ہے اور نہ ہی پائیدار ترقی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) تعلیم کے فروغ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کا عالمی دن ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ تعلیم صرف ذاتی ترقی نہیں بلکہ قومی بقا اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔