جنگ بندی کیلئے فیلڈ مارشل کئی راتیں جاگے، ایرانی و امریکی قیادت سے رابطے میں رہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ایران امریکا مذاکرات میں اہم کردار پر فیلڈ مارشل کے لیے تالیاں بجائی گئیں، وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کئی راتیں جاگے جس میں وہ ایرانی اور امریکی قیادت سے رابطے میں رہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارکان نے تالیاں بجا کر وزیراعظم کا استقبال کیا، کابینہ اجلاس میں تمام کابینہ اراکین کو مٹھائی کھلائی گئی۔
دوران اجلاس جمعہ کے دن کو یوم تشکر کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا، قوم سے مذاکرات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کی گئی۔
کابینہ سے خطاب میں وزیراعظإ نے کہا کہ ہم نے اور دوست ممالک نے امن معاہدے کے لیے جو کوششیں کی ہیں وہ اللہ تعالیٰ کو پسند آئیں، ہمیں اس ذات باری تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے اس پورے خطے کو تقریباً اپنی لپیٹ میں لے چکے تھے اور پورا خطہ متاثر تھا مگر جنگ بندی کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و قار سے نوازا، پاکستان کی سفارتی محاذ پر یہ کامیابی پورے 24 کروڑ عوام کی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے شعلے دو ہفتے کے لیے بجھے ہوئے ہیں، پاکستان کو اللہ نے آج شاندار کامیابی و عزت سے نوازا ہے آج پوری دنیا میں ٹی وی چینلز پاکستان کی کامیابی کی بات کررہے ہیں یہ رب کے حضور سجدہ ریز ہونے کا موقع ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصے میں ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے، امریکی اور ایرانی قیادت کے ساتھے رابطے ہوئے اور باتیں ہوئیں ہم سب کو مل کر ان کے لیے تالیاں بجانی چاہئیں۔ وزیراعظم کے کہنے پر فیلڈ مارشل کے لیے تالیاں بجائی گئیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہے اور یکسو ہی رہے گی، مشترکہ کاوشوں سے مسلم ممالک کے درمیان امن کا کردار ادا کیا، میں نے اپنے پورے سیاسی کیریئر میں عسکری و سیاسی قیادت میں اتنا کوآرڈینیشن کبھی نہیں دیکھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست کو قبول کیا، امریکی صدر کا شکر گزار ہوں کہ میری درخواست پر انہوں ںے دو ہفتوں کا عارضی سیز فائر کیا، میں قطر، ترکی، مصر، عمان، انڈونیشیا، یو اے ای، ترکیہ، سعودی عرب کا شکر گزار ہوںِ، کل سعودی ولی عہد سے بات ہوئی ان کے سب سے بڑے آئل کمپلیکس پر حملہ ہوا اس پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ وقتی طور پر ٹل گئی ہے مگر ہماری منزل پائیدار اور دیرپا امن کا قیام ہے، پرسوں امریکی و ایرانی وفود پاکستان آئیں گے امید ہے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لبنان سمیت مختلف خطوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مطابق یہ جنگ بندی فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے جسے خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام دانش مندی اور دور اندیشی کا مظہر ہے۔
وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا کے وفود کو جمعہ، 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے تاکہ تمام تنازعات کے حتمی حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جا سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ایکسپریس نیوز سے گفتگو
الحمدللہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی خوشی کا دن
تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے گا pic.twitter.com/vmzm49euvk— Aamir Ilyas Rana (@RanaAamirilyas) April 8, 2026
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں فریقین نے غیر معمولی فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مذاکرات پائیدار امن کے حصول میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
پی این پی