وزیر ریلوے اور وزیراعلیٰ سندھ کا کے سی آر اور سب اربن ٹرین سروس بحال کرنے پر اتفاق
وفاقی وزیر ریلوے اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) اور سب اربن ٹرین سروس بحال کرنے پر اتفاق ہوگیا جبکہ کراچی تا روہڑی اور کراچی تا جیکب آباد (بذریعہ کوٹڑی، دادو، لاڑکانو) نئی ٹرین سروسز بھی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا اپنے وفد کے ہمراہ اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن اور ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، سیکریٹری ٹو سی ایم آصف جمیل، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر شریک ہوئے۔
پاک ریلویز کے وفد میں چیئرمین ریلویز سید مظہر علی شاہ، جنرل مینیجر حفیظ اللہ، ڈی آئی جی منیر شیخ اور دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں کراچی میں ریلوے منصوبوں پر اہم فیصلے کیے گئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان اجلاس سی ایم ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کو فوری طور پر مؤثر اور سستی پبلک ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے ریلوے نظام کو جدید اور قابلِ اعتماد بنایا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ کے سی آر بحالی کے بعد بی آر ٹی بسیں فیڈر سروس کے طور پر کام کریں گی۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ سندھ حکومت ملیر ہالٹ پر انڈر پاس تعمیر کرنا چاہتی ہے لیکن ریلوے سے این او سی میں تاخیر کی باعث منصوبہ شروع نہیں ہو سکا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملیر ہالٹ انڈر پاس کی تعمیر کے لیے این او سی فوری جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
ریلوے ٹریکس کے ساتھ گرین کوریڈور اور شجرکاری منصوبہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گرین بیلٹس ماحولیاتی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے میں مددگار ہوں گے۔
اجلاس میں ریلوے زمین پر تجاوزات کے خلاف سخت آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو ریلوے کی زمینوں پر تجاوزات ہٹانے کے لیے مکمل تعاون کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریلوے اراضی قومی اثاثہ ہے، اس کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہائی رسک کراسنگز کو فوری اپ گریڈ کیا جائے، عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے۔
سندھ اور وفاق کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے اور انفرا اسٹرکچر بہتری پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنا کر عوام کو بہتر سہولیات فراہم کریں گے۔
پی این پی