آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے موسم گرم کی تعطیلات کا فیصلہ مسترد کردیا
پنجاب حکومت کی جانب سے گرمی سے پہلے ہی گرمی کی چھٹیاں بچوں کے مستقبل سے کھلواڑہے،ڈاکٹر ابرارحسین ملک
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرارحسین ملک نے پنجاب حکومت کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کا قبل ازوقت اعلان مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ بچوں کو پڑھنے دیا جائے،گرمی سے پہلے ہی گرمیوں کی چھٹیاں بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ گزشتہ روز یہاں سے جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر ابرارحسین ملک کا کہنا تھاکہ ابھی مئی کا پہلا عشرہ شروع نہیں ہوا۔ طویل چھٹیوں سے بچے مسلسل سکولوں سے باہر رہنے سے بچے سستی اور کاہلی کا شکار ہوجاتے ہیں بچے غیرنصابی سرگرمیوں میں ملوث ہوجاتے ہیں ان کاسکرین ٹائم بڑھ جاتاہے۔ پاکستان میں اس وقت اڑھای کروڑ سے زائد بچے پہلے ہی آوٹ آف سکول ہیں اتنی بڑی تعداد کو مینج کرنے کی بجائے پڑھنے والے بچوں کو بھی چھٹیوں پر چھٹیاں دی جارہی ہیں،جب بچے طویل عرصہ سکول سے باہر رہتے ہیں تو پھر واپس خود کو ایڈجسٹ نہیں کرپاتے اور آوٹ آف سکول چلڈرن کی تعداد مزید بڑھ جاتی ہے۔ اس وقت پاکستان دنیا کے 193ممالک کی فہرست میں تعلیمی معیار میں 156ویں نمبر پر آتاہے۔بدقسمتی سے پاکستانی حکمران مسلسل بچوں کو چھٹیاں دینے کے بارے میں ہی سوچتے ہیں۔ جنگ تو امریکہ اور ایران کی ہوئی ہے لیکن چھٹیاں پاکستان میں دی جاتی ہیں۔ یہ رویے ملک میں تعلیمی تباہی کا باعث بن رہے ہیں۔بچوں کو معیاری تعلیم کے لیے چھٹیوں میں کمی کا سوچا جائے،شدید گرمی کی صورت میں سکولوں کے اوقات صبح سات سے دس گیارہ بجے تک کردیے جائیں تاکہ سلیبس مکمل کرنے میں آسانی ہو۔ آئے روز کی چھٹیاں ملک کی تعلیمی تباہی کا باعث بن رہی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ایسا نظام متعارف کرایا جائے جہاں بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کا بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے اور قوم کو جہالت اور غربت سے نکالا جاسکے۔