News Views Events
Apna Watan

پاکستانی حاجیوں کیلئے بحری سفر کی سہولت کیوں نہیں؟ عیدالاضحیٰ پر ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا سوال

0

 

اسلام آباد / کراچی (نمائندہ خصوصی ): اقلیتی سینیئر پارلیمنٹیرین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر پاکستانی حجاج کرام کیلئے سمندری بحری روٹ کی بحالی کا مطالبہ کرکے حج کی خواہش رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے دل جیت لیے ہیں۔ پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والوں بالخصوص خوش نصیب حجاج کرام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سال حج کا خطبہ نہایت دلچسپی سے سنتے ہیں، حج کا عظیم الشان اجتماع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ خالقِ کائنات کی نظر میں تمام انسان برابر ہیں اور اصل فضیلت انسان کے کردار، تقویٰ اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے میں پوشیدہ ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بحیرہ عرب تک قدرتی رسائی حاصل ہے، لہٰذا کراچی سے سعودی عرب تک حج کیلئے بحری راستے کی بحالی سفری اخراجات میں کمی کا سبب بن سکتی ہے، انہوں نے دیگر علاقائی ممالک بشمول ہندوستان اور بنگلہ دیش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک میں بسنے والے حجاج کرام کو متبادل سفری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، لہٰذا حکومت پاکستان کو بھی اس حوالے سے جدید اور کم لاگت متبادل آپشنز پر غور کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی کے مطابق سعودی عرب نے لاکھوں افراد کی بھرپور میزبانی، جدید ٹیکنالوجی، سفری سہولیات، طبی خدمات اور بہترین انتظامات کے ذریعے ایک مرتبہ پھر دنیا کے سب سے بڑے روحانی اجتماع کے کامیاب انعقاد کی مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر پاکستان اور دنیا بھر میں امن، خوشحالی، بین المذاہب احترام اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے فروغ کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.