اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکریٹری جنرل طارق حسن کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس کی سرپرستی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کی۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کی تنظیم سازی، آئندہ انتخابات کی حکمت عملی اور تنظیمی استحکام کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، چوہدری سالک حسین، آزاد کشمیر کے نامزد صدر محمد شفیق، مرکزی و علاقائی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں پارٹی کی موجودہ تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) اپنی سیاسی تاریخ میں پہلی بار آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں اپنے امیدوار نامزد کرے گی اور بھرپور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لے گی۔
سیکریٹری جنرل طارق حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) عوامی خدمت، سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مضبوط تنظیم اور کارکنوں کی فعال شمولیت آنے والے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کی بنیاد ثابت ہوگی۔
چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پارٹی کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کیا جائے گا اور نوجوانوں، خواتین اور معاشرے کے تمام طبقات کو سیاسی عمل میں مؤثر نمائندگی دی جائے گی۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ اوورسیز برطانیہ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو پارٹی میں نمایاں کردار دیا جائے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی صلاحیتوں اور تجربات سے ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری مختلف شعبوں میں غیرمعمولی مہارت رکھتے ہیں اور وطن کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر آزاد کشمیر کے نامزد صدر محمد شفیق نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمی استحکام، کارکنوں کے ساتھ مسلسل رابطے اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ آئندہ انتخابات کی بھرپور تیاری کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) آزاد کشمیر میں ایک مضبوط، متحرک اور عوام دوست سیاسی قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کرے گی۔
اجلاس کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پارٹی کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین کی صحت، تندرستی اور درازیٔ عمر کے لیے بھی دعا کی گئی۔
Trending
- خیبرپختونخوا کا 50 ارب روپے سے زائد خسارے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
- فیفا ورلڈ کپ، کینیڈا کی تاریخی فتح، قطر کو 6-0 کی ہزیمت آمیز شکست کا سامنا
- وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان متوقع
- صدر مملکت نے سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹسز کے دورۂ روس کی منظوری دیدی
- فیفا ورلڈکپ: میکسیکو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی
- نیلوفر بختیار مسلم لیگ( ق )میں شامل
- سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد کمی، فی تولہ نرخ کیا ہوگئے؟
- مسلم لیگ (ق) آزاد کشمیر کے انتخابات میں پہلی مرتبہ اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی: محمد شفیق
- حکومت کا پاسپورٹ نظام مکمل طور پر آن لائن کرنے کا فیصلہ، ہوم ڈلیوری کا سسٹم تیار
- جنوبی افریقا ویمنز انڈر 19 ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی
اپناوطن ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے پاکستان بھر میں اور اوورسیز پاکستانیوں کے نیوزپلیٹ فارم کے بانی مدیر اعلیٰ نعیم کا شمار کہنہ مشق اور منجھے ہوئے مایہ ناز صحافیوں میں ہوتا ہے۔