News Views Events
Apna Watan

فیفا ورلڈکپ: ایک دہائی قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے میسی نے تاریخ رقم کردی

0

ایک دہائی قبل 2016 میں لیونل میسی نے کوپا امریکا فائنل میں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

اس وقت ارجنٹائن مسلسل بڑی ناکامیوں کا شکار تھا اور میسی شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم چھوڑنے کا فیصلہ کر بیٹھے تھے۔

تاہم بعد ازاں اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے انہوں نے واپسی کی اور یہی فیصلہ ان کے کیریئر کا سب سے یادگار موڑ ثابت ہوا۔

اب اپنی 39ویں سالگرہ سے محض دو روز قبل میسی نے آسٹریا کے خلاف ورلڈکپ میچ میں دو گول اسکور کرکے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔

ارجنٹائن کی 0-2 سے کامیابی میں دونوں گول میسی نے کیے اور وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

میچ کے آغاز میں وہ پنالٹی ضائع کر بیٹھے تھے لیکن بعد میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ایک خوبصورت گول اسکور کیا اور پھر اضافی وقت میں دوسرا گول کرکے اپنا مجموعی ورلڈ کپ اسکور 18 تک پہنچا دیا۔

اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

میسی اب تک ورلڈکپ کے 28 میچز میں 18 گول کر چکے ہیں جبکہ رواں ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کے تمام پانچ گول انہی کے نام ہیں۔

مزید یہ کہ وہ مسلسل چھ ورلڈ کپ میچوں میں گول کرنے والے دنیا کے صرف تیسرے فٹبالر بن گئے ہیں۔

ماہرین اور سابق کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ میسی کی فٹبال ذہانت، فٹنس اور کھیل پر گرفت آج بھی غیرمعمولی ہے۔

2022 میں ارجنٹائن کو عالمی چیمپئن بنانے کے بعد بھی وہ مسلسل نئی تاریخیں رقم کر رہے ہیں جس کے بعد انہیں فٹبال کی تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دینے کی بحث مزید زور پکڑ گئی ہے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.