وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 سعودی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 سعودی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے راس تنورہ میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں 14 سعودی شہری جان کی بازی ہار گئے۔
Deeply saddened by the tragic helicopter crash in Ras Tanura that claimed the precious lives of 14 Saudi nationals.
On behalf of the people and Government of Pakistan, I extend our heartfelt condolences to the Custodian of the Two Holy Mosques, His Majesty King Salman bin…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 29, 2026
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور سعودی عرب کے برادر عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 14 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودیہ عرب میں ایک ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا، جس کے باعث اس میں سوار تمام 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے ملکی وزارت توانائی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر سعودی آئل کمپنی ارامکو کی ملکیت ہے اور حادثہ راس تنورہ میں اتوار کے روز پیش آیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ادارے فوری طور پر وہاں پہنچے اور اپنی کارروائیاں مکمل کیں، تحقیقاتی اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اپنا کام شروع کردیا ہے۔
پی این پی