فیفا ورلڈ کپ، ایمباپے کے دو گول کی بدولت فرانس نے سویڈن کو 3-0 سے شکست دے دی
NEW YORK,:
فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو 3-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اب اس کا مقابلہ پیراگوئے سے ہوگا۔
فتح کے ہیرو کپتان کیلیان ایمباپے رہے جنہوں نے دو گول کرکے ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
شدید گرمی کے باوجود فرانسیسی ٹیم نے آغاز ہی سے سویڈن پر دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے ہاف میں کئی مواقع ضائع ہونے کے بعد بالآخر وقفے سے چند لمحے قبل عثمان ڈیمبیلے کے خوبصورت پاس پر کیلیان ایمباپے نے مدافع کو چکمہ دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی بریڈلی بارکولا نے مائیکل اولیسے کے عمدہ پاس پر دوسرا گول اسکور کرکے فرانس کی گرفت مزید مضبوط کر دی۔
میچ کے 74ویں منٹ میں ایک بار پھر اولیسے کے شاندار پاس پر ایمباپے نے خوبصورت فنش کے ساتھ اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول داغ دیا جس کے بعد سویڈن کی واپسی کی تمام امیدیں ختم ہو گئیں۔
اس میچ میں دو گول کرنے کے ساتھ ہی کیلیان ایمباپے ورلڈ کپ کی ناک آؤٹ مرحلے کی تاریخ میں سب سے زیادہ 10 گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
اس کے علاوہ وہ رواں ٹورنامنٹ میں چھ گول کے ساتھ ارجنٹائن کے لیونل میسی کے برابر گولڈن بوٹ کی دوڑ میں بھی مشترکہ طور پر سرفہرست ہیں۔
سویڈن کو بھی چند مواقع ملے تاہم فرانسیسی گول کیپر مائیک میگنان نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے حریف کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
اب فرانس کا اگلا امتحان پری کوارٹر فائنل میں پیراگوئے کے خلاف ہوگا جس نے گزشتہ روز جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
پی این پی