نشو بیگم نے بزرگوں کو جائیداد کے حوالے سے اہم مشورہ دے دیا
ماضی کی معروف پاکستانی فلم اسٹار نشو نے بزرگ افراد کو جائیداد کے حوالے سے اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھاپے میں اپنی صحت اور دولت کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
نشو بیگم جو اپنے دور کی مقبول اداکارہ رہی ہیں، نے “رنگیلا”، “بازی”، “انسان اور گدھا” اور “سوسائٹی گرل” سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا پر بھی متحرک ہیں اور یوٹیوب و ٹک ٹاک کے ذریعے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔ وہ معروف اداکارہ صاحبہ افضل کی والدہ بھی ہیں۔
حال ہی میں نشو نے میزبان یازی کے پوڈکاسٹ “دی یازیسٹک شو” میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات کی روشنی میں بزرگ والدین کو مشورہ دیا۔
نشو کا کہنا تھا کہ بڑھاپے میں انسان کو اپنی صحت اور مالی معاملات پر مکمل کنٹرول رکھنا چاہیے کیونکہ بعض اوقات قریبی لوگ بھی رویہ بدل لیتے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام نہیں کرنی چاہیے۔
ان کے مطابق جو کچھ آپ کے پاس ہے وہ آپ کے انتقال کے بعد خود بخود بچوں کو مل جائے گا لیکن اگر آپ زندگی میں ہی سب کچھ دے دیں گے تو آپ کی اہمیت کم ہو سکتی ہے۔
نشو نے مزید کہا کہ بعض صورتوں میں مالی خودمختاری انسان کی عزت اور دیکھ بھال کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور انسان کو دنیا کے بجائے اللہ کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔
پی این پی