News Views Events
Apna Watan

پاکستان کی نجی ہوا بازی کی صنعت میں ایک اہم پیش رفت ایک اور ایئر لائن کے ڈومیسٹک آپریشنز کا آغاز

0

پاکستان کی نجی ہوا بازی کی صنعت میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نئی نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے 16 جولائی 2026 سے اپنے شیڈول ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

ایئرلائن کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید مستحکم بنانا، علاقائی ترقی کو فروغ دینا اور مسافروں کو محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں ساؤتھ ایئر کراچی، اسلام آباد اور بہاولپور کے درمیان باقاعدہ پروازیں شروع کرے گی، جبکہ کراچی سے گوادر، سکھر اور رحیم یار خان کے لیے بھی نئی شیڈول سروسز متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ ان روٹس کے آغاز سے کاروباری سرگرمیوں، سیاحت، تعلیم اور علاقائی روابط کو نئی تقویت ملنے کی توقع ہے۔

ایئرلائن اپنی پروازوں کا آغاز جدید ATR 72-600 طیاروں کے ذریعے کر رہی ہے، جو مختصر اور درمیانے فاصلے کی پروازوں کے لیے دنیا بھر میں اپنی ایندھن کی بچت، مؤثر کارکردگی اور بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر پورا اترنے کی وجہ سے انتہائی قابلِ اعتماد سمجھے جاتے ہیں۔

اس موقع پر ساؤتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ نے کہا “ساؤتھ ایئر کا قیام محض ایک نئی ایئرلائن کا اضافہ نہیں بلکہ پاکستان کے فضائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ایک قومی کاوش ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم ہر مسافر کو محفوظ، بروقت اور اعلیٰ معیار کی سفری سہولیات فراہم کریں اور ان علاقوں کو قومی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کریں جہاں فضائی خدمات اب تک محدود رہی ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی مستقبل قریب میں اپنے فضائی بیڑے اور روٹ نیٹ ورک میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ ملک کے مزید شہروں کو جدید، محفوظ اور معیاری فضائی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ساؤتھ ایئر نے ڈریم ورلڈ ڈیسٹینیشن ہوٹلز اینڈ گولف کورس کے ساتھ ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔ اس شراکت داری کے تحت مشترکہ سفری پیکجز، خصوصی رعایتی آفرز اور سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو مزید بہتر اور یادگار سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق ساؤتھ ایئر اپنے تمام آپریشنز میں بین الاقوامی حفاظتی معیارات، وقت کی پابندی، بہترین کسٹمر سروس، آپریشنل شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی۔

ماہرینِ ہوا بازی کے مطابق ساؤتھ ایئر کی آمد سے پاکستان کی فضائی صنعت میں صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا، علاقائی فضائی رابطے مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور قومی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ساؤتھ ایئر نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ 16 جولائی سے شروع ہونے والی پروازوں کے شیڈول، کرایوں اور بکنگ سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے ایئرلائن کے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.